لندن، 5جنوری (آئی این ایس انڈیا)ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب نے خلیج کے پانیوں میں جنوبی کوریا کے پرچم بردار ایک ٹینکر پر قبضہ کر لیا ہے۔
ایران کے سرکاری اور نیم سرکاری میڈیا ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جنوبی کوریا کے جہاز کو خلیج کے پانیوں کو کیمیکلز سے آلودہ کرنے کے الزام میں پکڑا ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے جنوبی کوریا کے پکڑے گئے جہاز کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ان میں پاسداران انقلاب کی بحریہ کی تیزرفتارکشتیاں ہنکوک چیمی نامی ٹینکر اپنی معیت میں بندرگاہ کی جانب لارہی ہیں۔اس ٹینکر پر 72 سو ٹن ایتھنول لدا ہوا ہے۔
اس نے کہا ہے کہ جہاز کے عملہ کے ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ان میں جنوبی کوریا،انڈونیشیا، ویت نام اور میانمر کے شہری شامل ہیں لیکن تسنیم نے ان کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے کہ وہ کل کتنے ہیں۔اس نے کہا ہے کہ ٹینکر کو ایران کے ساحلی شہر بندرعباس کی بندرگاہ پر منتقل کردیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ نے فوری طور پر اپنے ٹینکر پر ایران کے قبضے کے حوالے سےکوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ایرانی حکام نے بھی اس واقعہ کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔یہ واقعہ جنوبی کوریا کے نائب وزیرخارجہ کے تہران کے دورے سے چند روز قبل رونما ہوا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے بھی جنوبی کوریا کے نائب وزیر خارجہ کے اس دورے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اس میں جنوبی کوریا میں منجمد کیے گئے ایران کے سات ارب ڈالرکے فنڈز کے معاملہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جنوبی کوریا نے ایران کی یہ رقم امریکا کی پابندیوں کے نفاذ کے بعد ضبط کر لی تھی۔
جنوبی کوریا کا پرچم بردار جہاز متحدہ عرب امارات جارہا تھا لیکن اس کے بجائے وہ ایران کے علاقائی پانیوں کی جانب چلا گیا تھا۔میرین ٹریفک ڈاٹ کام کے خلائی سیارے کے فراہم کردہ ڈیٹا کے مطابق ایم ٹی ہنکوک چیمی سوموار کو بعد دوپہر بندرعباس پر لنگرانداز تھا۔یہ سعودی عرب سے متحدہ عرب امارات کی بندرگاہ فجیرہ کی جانب جارہا تھا۔فوری طور پراس جہاز کے مالک سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔